14 جون ، 2020
سپر اسٹار ماہرہ خان نے محبت کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے محبوب کا نام بتا دیا ہے۔
ماہرہ خان نے اپریل میں ثمینہ پیرزادہ کے شو کے دوران یہ تسلیم کیا تھا کہ انہیں محبت ہوگئی ہے لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں بتایا تھا۔
تاہم اب اداکارہ نے برملا محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس شخص کا نام بتا دیا ہے جس سے وہ محبت کرتی ہیں اور مستقبل میں ان سے شادی کرنے والی ہیں۔
حال ہی میں ماہرہ خان نے لائیو ود ایچ وائے شو میں انٹرویو دیا جس میں میزبان ڈیزائنر حسن شہریار نے ان سے دوبارہ ان کی محبت سے متعلق سوال پوچھا اور کہا کہ ان کا نام ’سلیم‘ ہے تو بتائیں کہ جب آپ ان کو دیکھتی ہیں تو کیا خیال دل میں آتا ہے۔
اس پر اداکارہ نے جواب کہ میں اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ میں ڈرتی ہوں۔
بعدازاں ماہرہ نے مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ میں اشعر کی لائن تھی کہ ’خرد تم مجھے کسی نیکی میں ملی ہو‘ تو ان (سلیم) کے لیے بھی میں یہی سوچتی ہوں کہ میں نے کچھ اچھا کیا ہوگا جس کے بدلے اللہ میری زندگی میں ان کو لائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی بہت ہی اچھا رشتہ ہے اور یقیناً وہ مستقبل میں اس کا ارادہ بھی رکھتی ہیں لیکن فوری طور پر ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ مئی 2019 میں ماہرہ خان اور سلیم کریم کی ترکی میں منگنی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جس کی تردید کردی گئی تھی۔