15 جون ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عید سے متعلق ایک بار پھر دعویٰ کردیا ہے۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ کے ذریعے ذوالحج کا چاند نظر آنے کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 21 جولائی کو ذوالحج کا چاند کراچی اور اس کے ارد گرد علاقوں میں دور بین سے واضح طور پر دیکھا جا سکے گا جب کہ چاند کئی علاقوں میں آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کلینڈر کےمطابق عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ کو ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چاند کی لوکیشن کے لیے آپ’رویت‘ ایپ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان بھی پہلے سے کیا تھا اور ان کے اعلان کے مطابق ہی چاند نظر آنے کی رویت پر عیدالفطر منائی گئی تھی تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت پر شہادتیں اکٹھی کرکے شوال کے چاند کا اعلان کیا تھا۔