اموات کی مجموعی تعداد 2784 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 146877 تک پہنچ گئی ہے
15 جون ، 2020
ملک میں کورونا سے مزید 121 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2784 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 146877 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک پنجاب میں کورونا سے 1031 اور سندھ میں 853 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 707 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 85، اسلام آباد میں 78 ، گلگت بلتستان میں 17 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج بروز پیر ملک بھر سے کورونا کے مزید 4614 کیسز اور 121 اموات سامنے آئی ہیں جن میں پنجاب سے 1537 کیسز 62 ہلاکتیں، سندھ 1776 کیسز 22 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 459 کیسز اور 32 اموات، اسلام آباد 635 کیسز 3 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 43 کیسز ایک ہلاکت، گلگت بلتستان میں 14 کیسز ایک ہلاکت اور بلوچستان سے 150 کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ سے آج کورونا کے مزید 1776 کیسز اور 22 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9080 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1776 نئے کیسز سامنے آئے اور مزید 22 افراد انتقال کرگئے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 55581 اور اموات 853 ہوگئی ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 1776 میں سے 1091 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں مزید آج 2417 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 28023 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے آج کورونا کے مزید 1537 کیسز اور 62 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 54138 اور اموت 1031 تک جا پہنچی ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17650 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 635 کیسز اور 3 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔
پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 8569 ہوگئی ہے جب کہ انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 78 ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 2037 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 43 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 647 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 13 ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 254 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پیرکو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 707 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 459 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 18472 ہوگئی ہے۔
صوبے میں اب تک 4692 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
آج بلوچستان میں کورونا سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی البتہ گزشتہ روز 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 85 ہوگئی تھی۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8327 ہوگئی۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2916 ہے۔
پیر کو گلگت بلتستان میں مزید 14 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1143 ہو گئی ہے جبکہ ایک شخص ہلاک بھی ہوا۔
گلگت میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 728 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔