ملک میں کورونا کیسز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے متجاوز

اموات کی مجموعی تعداد 2968 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرکے 154335 تک پہنچ گئی ہے

ملک میں کورونا سے مزید 184 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2968 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرکے 154335 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک پنجاب میں کورونا سے 1149 اور سندھ میں 886 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 731 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 89، اسلام آباد میں 83 ، گلگت بلتستان میں 17 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 922،665
صحتیاب مریض: 
56،390 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورت حال

آج بروز منگل ملک بھر سے کورونا کے مزید 7458 کیسز اور 184 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 4101کیسز 118 اموات، سندھ 2287 کیسز 33 اموات، خیبر پختونخوا سے 635 کیسز اور 24 اموات، اسلام آباد288 کیسز 5 اموات ، بلوچستان میں 110 کیسز اور 4 اموات ، گلگت بلتستان سے 21 اور آزاد کشمیر سے 16 کیسز سامنے آئے ہیں۔

پنجاب

پنجاب سے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 4101 کیسز اور 118 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 58239 اور اموت 1149 تک جا پہنچی ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17780  افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ سے آج کورونا کے مزید 2287 کیسز اور 33 اموات رپورٹ ہوئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11819 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2287 نئے کیسز سامنے آئے اور مزید 33 مریض انتقال کرگئے۔

وزیراعلیٰ کےمطابق صوبے میں کل کیسز کی تعداد 57868  اور اموات 886 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ  صوبے بھر کے 2287 کیسز میں سے 1436 نئے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ آج مزید 1222 مریض صحتیاب ہوئے جس سےصحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 29245 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 288کیسز اور 5 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 8857 ہوگئی ہے جب کہ انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 83 ہو چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 2037 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 663 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 13 ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 254 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

منگل کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 731 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 635 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 19107 ہوگئی ہے۔

صوبے میں اب تک 4922 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کے روز مزید 110 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

صوبے میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں تعداد 89 اور مجموعی کیسز 8437 تک پہنچ گئے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3023 ہے۔

گلگت بلتستان

منگل کو گلگت بلتستان میں مزید 21 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1164 ہو گئی ہے۔

گلگت میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 738 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال