ملک میں کورونا سے مزید 66 اموات، 3452 نئے کیسز بھی رپورٹ

اموات کی مجموعی تعداد 3034 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 157787 تک پہنچ گئی

ملک میں کورونا سے مزید 66 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3034 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 157787 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک پنجاب میں کورونا سے 1149 اور سندھ میں 916 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 755 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 93، اسلام آباد میں 90، گلگت بلتستان میں 18 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 950782
صحتیاب مریض: 
58437 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)


آج کے کیسز کی صورت حال

آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 3452 کیسز اور 66 اموات رپورٹ ہوئیں جن میں سے 2115 کیسز اور 30 اموات، خیبر پختونخوا سے 506 کیسز 24 ہلاکتیں، اسلام آباد میں 385 کیسز اور 7 اموات ، بلوچستان سے 357 کیسز 4 اموات، گلگت بلتستان سے 49 کیسز اور ایک ہلاکت جبکہ آزاد کشمیر میں 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 385 کیسز اور 7 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 9242 ہو گئی ہے جب کہ انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 90 ہو چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 2037 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 40 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 663 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 13 ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 254 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب حکومت کی جانب سے بدھ کو کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے البتہ گزشتہ روز پنجاب سے کورونا کے باعث مزید 118 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی تھی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 58239 اور اموت 1149 تک جا پہنچی ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17780 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ سے بدھ کو مزید 2115 کیسز اور 30 اموات رپورٹ ہوئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کی گئی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 5998 اور اموات 916 ہوگئی ہیں۔

خیبرپختونخوا

بدھ کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 755 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 506 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 19613 ہوگئی ہے۔

صوبے میں اب تک 5137 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی بدھ کے روز مزید 357 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

صوبے میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں تعداد 93 اور مجموعی کیسز 8794 تک پہنچ گئے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3051 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 49 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1213 ہو گئی ہے۔

گلگت میں کورونا سے مزید ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 18 ہوگئی ہیں جب کہ اب تک 768 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال