18 جون ، 2020
کراچی میں زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا جو 2 جولائی تک جاری رہے گا۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطبق جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا وہاں کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے۔
آج شام 7 بجے سے ان علاقوں میں غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے پر پابندی عائد ہوچکی ہے، ضروری کام سے نکلنے والوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا، فاصلہ رکھنا ہوگا، تجارتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی البتہ کھانے پینے کے سامان کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز شام 7 بجے تک کھولے جا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھر سے صرف ایک فرد کو سامان کی خریداری کیلئے باہر جانے کی اجازت ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کورونا کیسز کی روک تھام کے لیے کراچی کے تمام اضلاع کی 43 یونین کونسلز میں سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کورونا سے بچاؤ کی نئی حکمت عملی کے تحت محکمہ صحت، سندھ حکومت اور ڈپٹی کمشنرز نے کورونا ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کی تھی جس پر ان تمام علاقوں کو 14 روز کے لیے سیل کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔
لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آنے اور جانے والوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا، لاک ڈاؤن کے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ڈبل سواری کی پابندی ہو گی۔
لاک ڈاؤن والے علاقے میں گھر سے ایک فرد کو سامان کی خریداری کی اجازت ہوگی اورگھر سے نکلنے کی وجہ بتانا ہوگی، متاثرہ علاقوں میں دوسرے اضلاع کے رہائشیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ان علاقوں میں ہوم ڈلیوری کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ گھروں پر تقاریب بھی منعقد نہیں کی جاسکیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا اقدام حکومت کرے گی، موبائل ڈسپنسری اور موبائل یوٹیلٹی اسٹور کا اقدام بھی حکومت ہی کرے گی۔
جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے ان میں ضلع کورنگی، جنوبی، شرقی، غربی، سینٹرل اور ملیر کے مختلف علاقے شامل ہیں۔
ضلع کورنگی کی 14 یونین کونسلز میں پابندی عائد کی جائے گی، ناتھا خان گوٹھ، کھوکھراپار، بھٹائی کالونی، زمان ٹاون، چکراگوٹھ کورنگی، لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں لاک ڈاون کیا جائے گا۔ دیگر علاقوں میں ناصر کالونی، عوامی کالونی، ماڈل کالونی، الفلاح، ڈرگ روڈ اور ایئرپورٹ شامل ہیں۔