18 جون ، 2020
دو روز قبل بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ نے ممبئی میں اپنے گھر میں اچانک خودکشی کرلی تھی جس کا ذمہ دار بالی وڈ کی چند مشہور شخصیات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے بالی وڈ کی 8 بڑی شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں سلمان خان، ایکتا کپور، کرن جوہر، سنجے لیلا بھنسالی بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ مظفر پور کی ایک عدالت میں مختلف دفعات 306، 109، 504 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سشانت سنگھ کو خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا لہذا اسے قتل قرار دیا جائے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ کی کچھ فلمیں ریلیز نہیں کی گئیں جب کہ انہیں 7 فلموں سے بھی زبردستی باہر کیا گیا اور ایسی صورتحال پیدا کی گئی جس کا دباؤ لے کر انہوں نے اپنی زندگی ختم کرنے کو ہی واحد حل جانا۔
دوسری جانب مقبول بھارتی پروڈیوسر ایکتا کپور نے اس حوالے سے انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت پیش کی کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
ایکتا کپور نے کہا کہ شکر ہے مجھ پر سشانت کو نہ کاسٹ کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا جب کہ اسے میں نے ہی لانچ کیا تھا، میں یہ سوچ کر انتہائی پریشان ہوں کہ کیسے ایسی سازشیں پھیلائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ سشانت کے گھر والوں کو سکون کے ساتھ سوگ تو منانے دیں، سچ سامنے آجائے گا۔
یاد رہے کہ سشانت سنگھ نے ایکتا کپور کے ڈرامے ’کس دیش میں ہے میرا دل‘ سے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایکتا کپور کے ہی ایک اور ڈرامے ’پوتر رشتہ‘ میں مرکزی کردار نبھایا اور خوب مقبولیت حاصل کی۔
خیال رہے کہ بالی وڈ میں پروڈیوسر کرن جوہر اور سنجے لیلا بھنسالی پر یہ اکثر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ اقربا پروری کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ سلمان خان اور ان کے بھائیوں کے لیے کہا جاتا ہے کہ ان کی جس سے نہیں بنتی وہ اس کی فلموں اور کرئیر کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔