پاکستان

پشاور بی آر ٹی چلنے سے پہلے ہی خسارے میں، خزانے کو مزید 2 ارب کا ٹیکہ

خیبرپختونخوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی بی آر ٹی کےلیے مزید 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پشاور میں بی آر ٹی منصوبہ چلنے سے پہلے ہی خسارے کا شکار ہوگیا  اور تاخیر کے باعث قومی خزانے کو 2 ارب روپے کا ٹیکہ لگ گیا۔ 

خیبرپختونخوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی بی آر ٹی کےلیے مزید 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق پیسے منصوبے میں اضافی اخراجات کی مد میں رکھے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اضافی رقم سے بی آر ٹی منصوبہ کی لاگت 71 ارب روپے سے تجاوز کرگئی، اضافی رقم سے مسافروں کو کرایہ پر سبسڈی دینے کے ساتھ ساتھ ملازمین کی تنخواہوں، پیٹرول، صفائی، سیکورٹی اخراجات بھی پورے کیے جائیں گے۔ 

دوسری جانب بی آر ٹی منصوبہ میں شامل تین پلازوں پر کام مکمل نہیں ہوسکا، پلازوں سے سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا تھا لیکن آمدن نہ ہونے کے باعث اضافی رقم بجٹ میں رقم رکھی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب کے برعکس بی آر ٹی منصوبے پر سبسڈی نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب چیف ایگزیٹو آفیسر ٹرانس پشاور فیاض خان نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ بجٹ میں بی آر ٹی منصوبے کے لیے رقم رکھی گئی ہے جب کہ  پلازے ابھی تعمیر نہیں اس لیے آمدن کم ہوگی۔

فیاض خان نے بتایا کہ پیسے عوام کو سہولت فراہم کرنے کےلیے رکھے گئے ہیں، پراجیکٹ شروع کرتے وقت آمدن کم ہوتی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ کورونا وباء کے باعث آمدن میں مزید کمی کا امکان ہے جب کہ کورونا ایس او پیز کے تحت بس چلانے سے آمدن کم ہوگی۔

مزید خبریں :