23 جون ، 2020
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہےکہ سعودی حکومت کی طرف سے حج کے فریضہ کو منسوخ نہ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
علامہ طاہر اشرفی کا کہناہےکہ ملک بھر کے علماء ومشائخ و مفتیان عظام سے مشاورت کے بعد جاری فتوے کے مطابق فریضہ حج ادا کرنے کا ارادہ کرنے والے شرعی طور پر معذور ہیں لہذا ان کے اجر و ثواب میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا ہے کہ نفلی حج کا ارادہ رکھنےو الے اپنے اخراجات مستحقین میں تقسیم کر دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شریعت اسلامیہ استطاعت رکھنے والوں کے لیےحج کا حکم دیتی ہے ،صحت ، مال اور امن استطاعت میں داخل ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث سعودی حکومت نے حج کے شرکاء کی تعداد محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال مملکت میں مقیم افرادہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے اور بیرون ملک سے مسلمان حج میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
سعودی حکام کے مطابق مملکت میں قیام پذیر مختلف ملکوں کے شہری بھی حج کرسکیں گے اور حج کے دوران بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔