Time 24 جون ، 2020
پاکستان

'عمران خان کہتے تھے حادثہ ہو تو وزیر کو فارغ کردو اب پائلٹ کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں'

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی طیارہ حادثے کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کردیا— فوٹو:فائل

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ پر  ردعمل میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار افراد کو موردِ الزام ٹھہرانے اور قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

اپنی ٹوئٹ میں بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے رہے ہیں کہ ٹرین کا حادثہ ہو تو وزیر ریلوے کو فارغ کرنا چاہیے، طیارہ حادثہ ہو تو وزیر ایوی ایشن کو فارغ کرنا چاہیے اور اب یہ پائلٹ اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کا شکار افراد کو موردِالزام ٹھہرانے اور اُنہیں قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی طیارہ حادثے کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طیارہ حادثے کے معاملے پر وزیر ہوابازی کو جانا ہوگا۔

خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طیارہ پائلٹ اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کی غفلت کے باعث گرا۔

22 مئی کو کراچی آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

مزید خبریں :