Time 25 جون ، 2020
دنیا

عالمی ادارہ صحت کا حج محدود کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم

فائل فوٹو: ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث حج کو محدود کرنے کے سعودی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث رواں برس حج کو محدود کیا ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو حج پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ صرف ایک ہزار عازمین اس بار حج کا فریضہ انجام دیں گے۔

گزشتہ برس دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے حج کا فریضہ انجام دیا تھا۔

سعودی حکومت کے فیصلے پر رد عمل میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے اپنے علاقوں اور معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ کھولنا شروع کردیا ہے ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیسے لوگوں کے بڑے مجمعے کو محفوظ کیا جائے جو بہت اہم ہوگیا ہے اور خاص طور پر دنیا کے سب سے بڑے اجتماع حج کے لیے یہ بات درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کا فیصلہ مختلف صورتحال کے تجزیے اور خطرے کے اندازے کی بنیاد پر ہے جو وبا کو کم کرنے اور عازمین کے تحفظ کے لیے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق ہے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے سعودی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کی ہے لہٰذا تمام ممالک عوامی صحت کو اولین ترجیح بناتے ہوئے مشکل فیصلے کریں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا اور ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اس فیصلے سے ایسے متعدد مسلمانوں کو مایوسی ہوئی ہے جو رواں سال حج کے لیے تیار تھے لہٰذا یہ بھی مشکل انتخاب کی ایک مثال ہے اس لیے تمام ممالک صحت کو پہلی ترجیح بنائیں۔

مزید خبریں :