26 جون ، 2020
کے الیکٹرک نے تیل کی قلت کا بہانہ بناکر شہر میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا جس سے گرمی کے مارے شہری بے حال ہوگئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ اور اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جو روز بدترین ہوتا جارہا ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے صارفین کو تیل کی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کے میسج بھیجے جارہے ہیں اور دن رات لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، نمائش، لیاقت آباد، لیاری، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، کیماڑی، ملیر اور گلشن اقبال سمیت شہر کے دیگر حصوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
گرم موسم میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، لیاقت آباد سی ون ایریا میں رات 11 بجتے ہی بجلی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جو رات گئے تک معطل رہتی ہے۔
دوسری جانب کیماڑی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ اور صدر کے علاقوں میں بھی دن میں کئی مرتبہ بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جس کے بعد رات میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 2 سے 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔