پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنا لیے، اس ہفتے این ڈی ایم اے کو دیں گے: فوادچوہدری

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بننےوالے وینٹی لیٹرزکی پہلی کھیپ اس ہفتے این ڈی ایم اے کودیدی جائےگی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس وقت وینٹی لیٹرز کی شدید قلت ہے اور کئی ملکوں نے وینٹی لیٹرز بنانے والی کمپنیوں کے اگلے کئی ماہ کے آرڈر پہلے ہی بک کر لیے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان جیسے ممالک کو ان کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔

پاکستان میں بھی اس وقت وینٹی لیٹرز کی کمی اور وبا کے آغاز سے ہی فواد چوہدری پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنانے کے حوالے بیانات دے رہے ہیں۔

آج ٹوئٹر پر انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان میں وینٹی لیٹرز تیار کر لیے گئے ہیں اور ان کی پہلی کھیپ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو اسی ہفتے دے دی جائے گی۔

انہوں نے وینٹی لیٹرز تیار کرنے پر اپنی ٹوئٹ میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آرٹی سی) کو بہت مبارک دی اور دعویٰ کیا کہ مزید 3 ڈیزائن بھی آخری مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مشینیں یورپی معیار کےمطابق ہیں اور ہم دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوجائیں گےجوپیچیدہ میڈیکل مشینیں بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ این آر ٹی سی کے انجنیئرز نے کورونا وبا کے بعد اپریل میں  پاکستان میں موجود متعدد ناکارہ وینٹی لیٹرز کو ٹھیک کرکے اسپتالوں کو واپس بھیجا تھاجس کی وجہ سے پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی کمی کو کسی حد تک پورا کیا گیا۔

مزید خبریں :