کراچی کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری

کراچی کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جب کہ ترجمان کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں اضافے کا دعویٰ کیا ہے۔

کراچی میں موسم گرما کی شدت میں کمی کے باوجود بجلی کا بحران ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، طویل اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

شاہ فیصل کالونی،کورنگی، محمود آباد، لیاقت آباد،گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، سرجانی ٹاؤن اور اولڈ سٹی ایریا سمیت متعدد علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسہ بھی جاری ہے  جب کہ لیاری میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ستائے علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے ایندھن کی فراہمی میں بہتری کے باعث بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد لوڈ مینجمنٹ کا سلسلہ مستثنیٰ علاقوں میں ختم کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ایندھن کی بہتر فراہمی جاری رہی تومجموعی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔

مزید خبریں :