ملک میں کورونا سے مزید 141 اموات، 2917 نئے کیسز رپورٹ

سندھ میں ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ 74 اموات، مریضوں کی مجموعی تعداد 209159 تک پہنچ گئی

ملک میں کورونا سے مزید 141  افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4303 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 209159 تک پہنچ گئی۔

اب تک پنجاب میں کورونا سے 1727 اور سندھ میں 1343 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 935 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں 127، بلوچستان میں 119، آزاد کشمیر میں 28 اور گلگت بلتستان میں 24 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 1262162
صحتیاب مریض: 
95407 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورت حال

آج بروز پیر ملک بھر سے کورونا کے مزید 2917 کیسز اور 141 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 723 کیسز 46 اموات، سندھ سے 1509 کیسز 74 اموات، خیبر پختونخوا میں 337 کیسز اور 13 ہلاکتیں، بلوچستان سے 50 کیسز 3 اموات، اسلام آباد سے 248 کیسز 5 ہلاکتیں، گلگت بلتستان سے 28 اور آزاد کشمیر سے 22 کیسز سامنے آئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 248 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 12643 اور اموات 127 ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 6916 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 1049 اور اموات کی تعداد 28 ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے متاثرہ 520 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب سے پیر کو کورونا کے باعث مزید 46 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 1727 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 723 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 75501 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب میں اب تک کورونا سے 27147 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

پیر کو سندھ میں کورونا وائرس کے باعث مزید 74 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 1343 ہوگئی۔ یہ سندھ میں ایک دن میں کورونا سے ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1509 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 81955 تک جاپہنچی ہے۔

اس کے علاوہ آج مزید 1093 مزید مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 45616 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں پیر کو کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 935 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 337 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 26115 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک صوبے میں 12626  افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں پیر کو کورونا کے باعث مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 119 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی 10426 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4197 ہے۔

گلگت بلتستان

آج گلگت بلتستان سے کورونا کے مزید 28 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1470 ہوگئی ہے۔

گلگت میں کورونا سے اموات کی تعداد 24 ہے جب کہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1117 ہوگئی ہے۔