01 جولائی ، 2020
ضلع کرم میں زمین کے تنازع پر قبائل کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ چوتھے دن بھی جاری ہے اور جھڑپوں میں اب تک 10 افراد جاں بحق جب کہ 40 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
پولیس کے مطابق لوئر کرم کے علاقے بالش خیل میں پاڑہ چمکنی اور بالش خیل قبائل ایک دوسرے کے خلاف بھاری اور خودکار ہتھیار استعمال کررہے ہیں، جھڑپوں میں اب تک 10 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، زخمیوں کو صدہ اور پاراچنار اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی پی ضلع کرم محمد قریش اور ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ پارلیمنٹیرینز، قبائلی عمائدین، ضلعی انتظامیہ اور فورسز جھڑپیں رکوانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں
دوسری جانب مختلف تنظیموں اور طلبہ کی جانب سے جھڑپیں رکوانے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے پارہ چنار میں دھرنا دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں جھڑپیں رکوانے کے لیے پشاور اور اسلام آباد میں بھی قبائل کا احتجاج جاری ہے۔