پاکستان
Time 02 جولائی ، 2020

بھارتی مخالفت کے باوجود سلامتی کونسل کی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت  کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین اور حکومت پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 سلامتی کونسل کی جانب سے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔

سلامتی کونسل نے دہشت گردی میں ملوث عناصر اور  ان کے سہولت کاروں کوقانون کے شکنجے میں لانے پر زور دیاہے۔

سلامتی کونسل میں اس مذمتی بیان کا مطالبہ چین کی جانب سے کیا گیا تھا جس کی حال ہی میں غیر مستقل نشست سنبھالنے والے بھارت کے علاوہ تمام  تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس مذمتی بیان کی حمایت کی۔

بھارت نے سلامتی کونسل کے مذمتی بیان کو رکوانے کی بھرپور کوشش کی تاہم بھارت کی منفی سفارت کاری کے باوجود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی اور کئی ممالک پہلے ہی اس واقعے کی مذمت کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے تھے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گرد حملے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں بھارت ملوث ہے، کوئی شک نہیں کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ بھارت میں بنایا گیا۔

مزید خبریں :