04 جولائی ، 2020
اسلام آباد: اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے مشیروں کو نجکاری کمیٹی سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے جس میں مشیر خزانہ، تجارت اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کو نجکاری کمیٹی سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں مشیروں کوشامل کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے کیونکہ مشیر آئین کےتحت حلف نہیں اٹھاتے اس لیے آئین، جمہوریت کے محافظ نہیں ہوتے۔
(ن) لیگ کا کہنا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری یاجوائنٹ وینچرکے تحت چلانےکی اجازت نہیں د ی جا سکتی اور اس وقت دنیا بھر میں ہوٹل انڈسٹری بحران میں ہے ایسےمیں روزویلٹ پرفیصلہ کیوں کیا گیا؟
مسلم لیگ ن نے کہا ہےکہ اسد قیصر بطور اسپیکر آئین کےمحافظ ہیں لہٰذا نجکاری کمیٹی سے مشیروں کو نکالنے کی عمل داری یقینی بنائیں۔