دنیا
Time 04 جولائی ، 2020

کیا سونے کا ماسک پہننے سے کورونا وائرس قریب نہیں آتا؟

بھارتی شہر پونے سے تعلق رکھنے والے شنکر کرادے نے سونے کا فیس ماسک 4 ہزار امریکی ڈالر یعنی 2 لاکھ 89 ہزار بھارتی روپے میں بنوایا ہے— فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والے تاجر شنکر کرادے نے کورونا سے بچنے کے لیے سونے کا ماسک بنوالیا۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سماجی فاصلے کے ساتھ ساتھ ماسک بھی ضروری قرار دیا گیا ہے اور اسی وجہ سے انواع و اقسام کے ماسک مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن سونے کے زیورات پہننے کے شوقین بھارتی بزنس مین نے اپنے لیے سونے کا ماسک بنوایا ہے۔

بھارتی شہر پونے سے تعلق رکھنے والے شنکر کرادے نے سونے کا فیس ماسک 4 ہزار امریکی ڈالر یعنی 2 لاکھ 89 ہزار بھارتی روپے میں بنوایا ہے۔

شنکر کا یہ ماسک 60 گرام یعنی 5 تولے کا ہے جسے 8 دنوں میں کاریگروں نے تیار کیا ہے۔

— فوٹو: انڈین میڈیا

بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ یہ ایک باریک ماسک ہے جس میں چھوٹے چھوٹے سوراخ ہیں اور اس سے سانس لینے میں مدد ملتی ہے۔

ماسک کے کورونا سے بچاؤ میں مددگار ہونے سے متعلق شنکر کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں جانتا کہ سونے کا ماسک کورونا سے بچانے میں کتنا مددگار ہے لہٰذا وہ دوسری احتیاطی تدابیر پر بھی مکمل کرتا ہے۔

49 سالہ شنکر کرادے سونے کے زیورات پہننے کے شوقین ہیں اورانہوں نے گلے میں سونے کا ہار، ہاتھ میں سونے کی بریسلیٹ اور متعدد سونے کی انگوٹھیاں پہن رکھی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بازار میں مجھے سونے کا ماسک پہنا دیکھ کر لوگ مرعوب ہوجاتے ہیں اور میرے ساتھ سیلفیاں کھنچواتے ہیں۔ 

خیال رہے کہ بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک ساڑھے 18 ہزار افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :