Time 06 جولائی ، 2020
پاکستان

اندرون سندھ اور کراچی میں مون سون کی دھواں دار انٹری، موسلادھار بارش

اندرون سندھ کے مختلف شہروں سمیت کراچی میں مون سون نے دھواں دار انٹری ماری اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ کافی دیر تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔

شہر کے مختلف علاقوں ملیر، ماڈل کالونی، سعود آباد، نیو کراچی، ائیرپورٹ، لانڈھی، کورنگی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے شہر میں شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

کراچی شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں43 ملی میٹر رiکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف بیس فیصل میں 26 ملی میٹر، ناظم آباد میں 22 ملی میٹر ، جناح ٹرمینل پر 8.8 ملی میٹر، پی اےایف بیس مسرور میں 12ملی میٹر، لانڈھی میں 3.1 ملی میٹر اور سرجانی میں 1اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق سمندر سے زیادہ نمی لینے پر مون سون سسٹم زیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 8 جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :