07 جولائی ، 2020
اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں طلبی کے لیے اشتہار جاری کر دیاگیا جب کہ اسی کیس میں عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری قومی احتساب بیورو (نیب) کو ارسال کردیے۔
احتساب عدالت کے حکم جاری کیے گئے اشتہار میں لکھا گیا ہے کہ عدالت اس بات پر مطمئن ہے کہ ملزم اس کیس میں مفرور ہے، اس لیے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی جارہی ہے۔
احاطہ عدالت میں چسپاں اشتہار میں لکھا گیاہے کہ نواز شریف ریفرنس کا جواب دینےکے لیے17 اگست کو عدالت کے سامنے پیش ہوں۔
اسی ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کو ارسال کردیے۔
30 جون کو احتساب عدالت نے مذکورہ ریفرنس میں آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
آج کیس کی سماعت کے دوران بھی سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیے۔
عدالتی وارنٹ کے مطابق آصف زرداری 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں اور ایک ضامن کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں، اگر وہ پیش نہیں ہوئے تو انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس ریفرنس میں آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی شریک ملزم ہیں۔ ان پر توشہ خانے کی قیمتی گاڑیاں تحفے میں لینے کا الزام ہے۔