عطاء اللہ کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی

فوٹو فیس بک

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنے انتقال سے متعلق زیرِگردش خبروں کی تردید کردی۔

رواں برس  اپریل میں سوشل میڈیا پر معروف گلوکار عطاءاللّہ خان عیسیٰ خیلوی کے انتقال کی افواہیں پھیل رہی تھیں جس کے بعد عطاءاللّہ خان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے تمام  خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث اسپتال میں زیرِعلاج تھے۔

اب گزشتہ روز سے ایک بار پھر عطاء اللّہ کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں جس کے بعد گلوکار نے ان خبروں کی بھی تردید کرتے ہوئے اپنے فیس بک پر اپنے پیغامات جاری کیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر عطاء اللّہ خان عیسیٰ خیلوی نے لکھا کہ ’اب دوبارہ سے میرے متعلق کچھ غلط خبریں زیرِ گردش ہیں لیکن الحمداللّہ میں آپ سب کی دعاؤں سے بالکل ٹھیک ہوں۔‘

اِس کے علاوہ گلوکار نے اپنا ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں عطاء اللّہ خان عیسیٰ خیلوی تندرست بھی دکھائی دیے۔

ویڈیو پیغام میں بھی عطاء اللّہ نے آواز کی دنیا کے اپنے تمام چاہنے والوں کو سلام کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ ’الحمداللّہ میں بالکل ٹھیک اور خیریت سے ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ سب مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا اور اللّہ آپ کا حامی و ناصر ہوں۔‘


مزید خبریں :