12 جولائی ، 2020
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خارجہ پالیسی کے ذریعے بھارت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بھارت نے پاکستان کو دنیا بھر میں اکیلا کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا مگر وزیراعظم عمران خان کے بہترین طرز حکومت اور خارجہ پالیسی کے باعث بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر مظلوم کشمیریوں کا سفیر بن کر دنیا بھر میں آواز بلند کی، بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف مودی کا فاسشٹ نظریہ عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔
اعلامیے کے مطابق کئی ممالک کے رہنماؤں نے نہ صرف پاکستان کا دورہ کیا بلکہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مثالی بنایا گیا جب کہ افغان امن عمل اور سعودی ایران تنازع میں پاکستان کا کردار مرکزی حیثیت اختیار کر گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی واپسی ہوئی، پاکستان کو سیاحت کے لحاظ سے بہترین ملک قرار دیا گیا اور برطانیہ سمیت کئی ملکوں نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری بہتر بنائی۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق جس بھارت نے پاکستان کو تنہا کرنا تھا، وزیراعظم عمران خان کی بہترین خارجہ پالیسی کے باعث وہ دنیا بھر میں آج خود تنہا کھڑا ہے۔