13 جولائی ، 2020
اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ تعلقات سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ سال سے سوشل میڈیا پر گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ایک ساتھ نظر آئے جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات اور قربتوں سے متعلق باتیں کی جارہی تھیں۔
دوسری جانب گلوکار عاصم اظہر متعدد انٹرویوز میں اداکارہ ہانیہ عامر کے لیے جذبات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔
عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ کے چاہنے والوں کو اب بس ان کی شادی کا ہی انتظار تھا لیکن حال ہی میں ہانیہ عامر نے لائیو سیشن کے دوران عاصم اظہر کے ساتھ تعلقات سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
ہانیہ عامر گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو آئی تھیں جس دوران آئمہ نے عاصم اور ہانیہ کے تعلقات سے متعلق سوال کیا۔
سوال کے جواب میں ہانیہ عامر نے انکشاف کیا کہ 'عاصم اور میں صرف دوست ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ نہیں ہیں، ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ نہیں کر رہے اور نہ ہی ہمارے درمیان کوئی تعلقات ہیں'۔
اداکارہ نے کہا کہ 'عاصم اظہر اور میں بہت اچھے دوست ہیں اور حال ہی میں، میں اس کے گانے کی ویڈیو میں بھی آئی ہوں، ہم دونوں ایک دوسرے کے لیے حاضر ہیں'۔
ہانیہ عامر کے لائیو سیشن کے بعد سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور ٹوئٹر پر ہانیہ عامر اور عاصم اظہر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے بریک اپ کے حوالے سے میمز بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم متعدد برانڈز کے فوٹو شوٹ میں ایک ساتھ نظر آئے ہیں جب کہ دونوں نے فیشن شو میں ایک ساتھ ریمپ واک بھی کی تھی۔
ہانیہ عامر حال ہی میں عاصم اظہر کے گانے 'تم تم' کی ویڈیو میں بھی آئی ہیں۔