Time 13 جولائی ، 2020
پاکستان

وفاقی حکومت کورونا ٹیسٹنگ کم کرکے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر جان بوجھ کر کورونا ٹیسٹنگ کم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم رہنا جمہوریت، معیشت اور ہرپاکستانی کی زندگی اور صحت کے لیے خطرہ ہے۔

 سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا رہی ہے، کورونا کی ٹیسٹنگ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت جان بوجھ کر ٹیسٹنگ صلاحیت کم کرکے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، اگر ٹیسٹنگ کم ہوگی تو کورونا کا گراف بھی نیچے ہی جاتا ہی نظر آئےگا، پوری دنیا ہمیں ٹیسٹنگ ٹیسٹنگ کا کہہ رہی ہے اور وفاق یہ نظر انداز کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد سب سے زیادہ ہے، کورونا سے جتنے لوگ متاثر اور انتقال کرجائیں گے تو معیشت کا اتنا ہی نقصان ہوگا، سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود کوروناکے متاثرہ گھرانوں کوگرانٹ دلوائے گی۔

موجودہ حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے: بلاول

کرپشن کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، پولیو میں کرپشن، حج میں کرپشن، قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) میں کرپشن، بلین ٹری سونامی میں کرپشن، مالم جبہ میں کرپشن، فارن فنڈنگ کیس میں کرپشن اور تحریک انصاف جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہے اس میں کرپشن کرتی ہے۔

ٹڈی دل کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ آج ہر کسان کی فصل ٹڈیوں کی وجہ سے خطرے میں ہے، سندھ کے بجٹ میں ان کے لیے بھی رعایتیں رکھی ہیں، غریب کسانوں کو سبسڈی دی جائےگی، انہیں  بیج اورکھاد کی خریداری میں سبسڈی دیں گے، جن علاقوں میں پانی کی کمی ہے وہاں بھی سبسڈی دی جائے گی۔

'حکومت نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا'

مقبوضہ کمشیر کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کشمیریوں کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیاہے، تحریک انصاف کی حکومت نے کشمیر کاز اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ جب مودی الیکشن جیتا تو کشمیر کاز حل ہوجائے گا، یہ ملک کی تاریخ کا پہلا اور آخری وزیر اعظم ہے جس نے کشمیر کے معاملے پر عوام کو نہ متحد کیا اور نہ ہی اعتماد میں لیا۔

بلاول کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اس قسم کا معاشی بحران کبھی نہیں دیکھا، عالمی بحران،کورونا وائرس اور حکومت کی نالائقی کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پیداوار کی شرح منفی رہی ہے، معیشت کورونا سے پہلے بھی متاثر ہو رہی تھی اور آج بھی ہو رہی ہے۔

'لاپتہ افراد کو گھر لانا پڑے گا'

لاپتہ افراد کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ لاپتہ افراد کو گھر لانا پڑے گا، چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) مسنگ پرسن پر اپنا بیان دیں توبہتر ہے، مسنگ پرسنز کے ایشو کو ہم افورڈ نہیں کرسکتے، سندھ، بلوچستان، کے پی اور پنجاب سے بھی لوگ لاپتہ ہو رہے ہیں جو کہ  تشویشناک بات ہے،نہ لوگوں کو لاپتا ہوناچاہیے اور نہ ٹارگٹ کلنگ ہونی چاہیے، اس کا حل نکالنا پڑے گا۔

مزید خبریں :