Time 14 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی: صدر ڈیری فارمر کا دودھ کی قیمت میں مزید اضافے کا اعلان، انتظامیہ بے بس

کراچی: ڈیری اینڈ کیٹل فارمر کے صدر شاکر گجر نے دودھ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے دیا۔

جیونیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاکر گجر نے کہا کہ کراچی میں دودھ 110 روپے لیٹر فروخت ہوتا رہا ہے مگر دودھ زبردستی 90 روپے لیٹر فروخت کرانےکی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال 120 روپےفی لیٹر دودھ فروخت کیا جائے گا اور دودھ کی قیمت میں بتدریج اضافہ کیاجائےگا، کمشنر کراچی کو بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے طاقت کا نہیں۔

دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ ہم نے دودھ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی لیکن کسی دکاندار کو اجازت نہیں کہ اپنی مرضی سے دودھ کی قیمت بڑھا دے۔

کمشنر کراچی نے بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہے، ڈیری فارمرز سے سپلائی ہونے والے دودھ کا کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا تاہم ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی میں دودھ فروشوں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے 10 روپے کا اضافہ کردیا ہے اور شہر میں دودھ 120 روپے لیٹر فروخت کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :