پاکستان
Time 14 جولائی ، 2020

'خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز اور شرح اموات میں کمی'

فوٹو: فائل

سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا سید امتیاز حسین شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز اور شرح اموات میں کمی آرہی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا سید امتیاز حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں پہلے کورونا کے باعث یومیہ مرنے والوں کی تعداد 24 سے زائدتھی جو کہ اب کم ہو کر سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبے میں کورونا کے باعث صرف 3 اموات ہوئیں، صوبے میں کورونا کے 8 ہزار ایکٹیو کیسز ہیں اور کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔ 

سید امتیاز حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کے اسپتالوں میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے جب کہ اسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز پر موجود مریض بھی اب بہت کم ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا ہے  کہ عوام نے عید پر ایس او پیز کو فالو نہ کیا تو کورونا کیسز کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کی 2 لاکھ 53 ہزار 6 سو سے زیادہ ہو چکی ہے اور سب سے زیادہ کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں مریضون کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار سے زیادہ ہے۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 30 ہزار 747 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :