پاکستان
Time 15 جولائی ، 2020

سندھ میں ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت، بچوں کے داخلے پر پابندی

سندھ میں ایس او پیز کےمویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم بچوں کے داخلے پر پابندی عائد ہو گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں مویشی منڈیاں کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق تمام مویشی منڈیاں ایس او پی کے تحت کھولی جائیں گی، محکمہ داخلہ آج مویشی منڈیوں سے متعلق ایس او پی جاری کر دے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلی محلوں میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت نہیں ہو گی اور بچوں کے مویشی منڈیوں میں بچوں کے جانے پر پابندی ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ گلی محلوں میں لگنے والی مویشی منڈیوں کے خلاف کاروائی کریں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ بلدیات مویشی منڈیوں سے ٹیکس نہیں وصول کرے گا، منڈی منتظمین کوپابند کیا جائے گا کہ ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ بلا وجہ مویشی منڈیوں میں جانے سے گریز کریں جب کہ مویشی منڈیوں میں موجود موبائل ٹیم کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ جانوروں کی قربانی کے لیے مخصوص جگہ بنائی جائیں، اگر گلی گلی میں جانور ذبح کیے جائیں گے تو بیماریاں پھیلیں گی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ قربانی کے لیے یونین کونسل سطح پر مخصوص جگہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں کورونا کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں ٹیسٹ زیادہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت مفت ٹیسٹ کر رہی ہے، اور مزید ٹیسٹ بھی کریں گے، کسی کوبھی علامات محسوس ہوں تو کورونا کا ٹیسٹ ضرورکرائے۔

مزید خبریں :