پاکستان
Time 19 جولائی ، 2020

'موجودہ پالیسی کے تحت 700 سال بھی لگے رہیں تو مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا'

کشمیریوں نے اپنا فرض ادا کر دیا اب پاکستان کی ذمہ داری ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر. فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ  کشمیری ریاست کا پاکستان سے الحاق ضروری ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم قرارداد الحاق پاکستان کانفرنس سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد میں لکھا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کی عوام کا پاکستان کے ساتھ مذہبی اور ثقافتی الحاق ہے، لیکن موجودہ پالیسی کے مطابق آپ 700 سال بھی لگے رہیں تو بھی مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔

 یوم قرارداد الحاق پاکستان کانفرنس سے  خطاب کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ہمیں دنیا میں انصاف کے اداروں کے پاس جانا پڑے گا، جغرافیائی لسانی اور مذہبی اعتبار سے ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا جزو ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 19جولائی 1947 کی قرارداد کو ریاست بھر کے عوام کی تائید حاصل تھی،کشمیریوں نے اپنا فرض ادا کر دیا، اب پاکستان کی ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادکشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت دی جائے، حکومت پاکستان کو تجاویز ارسال کر دی ہیں کہ کس طرح آگے بڑھا جاسکتا ہے۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم پر دنیا بھر کے ممالک میں کیس کریں گے، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت کو آپس میں مل کر کشمیر پرکام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بھارتی جیلوں میں نہیں رکھا جاسکتا، قید اور نظربند حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید خبریں :