22 جولائی ، 2020
امریکا کے محکمہ انصاف نے چین کے دو شہریوں پر امریکا اور دیگر ممالک میں سیکڑوں کمپنیوں کی کووڈ 19 ویکسین پر ریسرچ اور مواد چوری کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکا میں دونوں چینی باشندوں پر کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق مواد چوری کرنے کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان ڈیمرز کا کہنا ہے کہ 34 سالہ لی شیاؤیو اور 33 سالہ ڈونگ جیاژی نے امریکا، چین اور ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیکرز چین میں موجود ہیں اور امریکی قانون کے دائرے سے دور ہیں، انہوں نے اپنے ذاتی فائدے اور چین کی وزارت اسٹیٹ سیکیورٹی کے مفاد کے لیے کوششیں کیں۔