Time 23 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں دہشت گردی کے ممکنہ خدشات، قونصل خانوں کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی کے ریڈ زون میں دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جب کہ گاڑیوں اور آنے جانے والے افراد کی چیکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کے مطابق مختلف خفیہ رپورٹس میں کراچی کے ریڈ زون، خاص طور پر مختلف ممالک کے قونصل خانوں کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں جس پر مختلف قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں پولیس کی مزید 4 موبائلز  اور  ان پر اضافی عملے کو تعینات کر  دیا گیا ہے جو ہر وقت کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے جب کہ بکتر بند گاڑیاں اور پولیس کی دیگر گشت کرنے والی گاڑیاں پہلے سے ہی اس علاقے میں تعینات ہیں۔ 

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ شہر کے ریڈ زون یا غیر ملکی اداروں کے دفاتر کے اطراف سیکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جب کہ پیدل آنے جانے والے افراد کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔ 

ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ آنے والے چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے اور روسی قونصل خانے کے اطراف حفاظتی انتظامات پہلے سے مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ ناکام ہونے کے بعد دہشت گرد گروپوں کی جانب سے شرپسندی کی مختلف منصوبہ بندیاں سامنے آ رہی ہیں۔ 

ایسے سماج اور ملک دشمن عناصر کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے جب کہ مزید اطلاعات آنے پر سیکورٹی ادارے انتہائی الرٹ ہیں۔

مزید خبریں :