Time 25 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی: ٹریفک پولیس افسر نے غریب سائیکل سوار کا 500 روپے کا چالان کردیا

کراچی: ٹریفک پولیس نے سائیکل سوار کا 500 روپے کا چالان کردیا۔

جیو ٹی وی کو موصول کراچی ٹریفک پولیس کے ای چالان کی سلپ کے مطابق محمد اقبال شاہد نامی سائیکل کو ون وے کی خلاف ورزی پر500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ 

آفیسر کی جانب سے اس تمام کارروائی کی بنائی گئی ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ پھیری لگا کر مختلف اقسام کی چیزیں فروخت کرنے والے شخص کو پولیس کی گاڑی کے عملے نے روک رکھا ہے جسے ٹریفک پولیس کلفٹن کے ٹکٹنگ آفیسر غلام علی جمالی نے ون وے جاتے ہوئے روکا۔ 

سائیکل سوار کا شناختی کارڈ طلب کرکے اسے 500 جرمانہ کیا گیا تاہم موصول ہونے والی ای سلپ میں سائیکل سوار کو ٹریفک پولیس کے جرمانے کے کوڈ 70 کے تحت چارج کیا گیا جوکہ موٹر سائیکل سوار کو جرمانے کی دفعہ ہے۔ 

اس سلسلے میں کلفٹن ٹریفک سیکشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید کا کہنا ہے کہ سائیکل کا فائن کوڈ نہ ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل کوڈ کے تحت چالان کی سلپ نکالی گئی۔

موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آفیسر سائیکل سوار کو 500 جرمانے کا بتاتا ہے تو غریب پھیری والے کے چہرے کا رنگ اڑ جاتا ہے وہ کہتا ہے ’گھر پر کھانے کو آٹا نہیں ہے، میں 500 روپے کہاں سے لاؤں‘۔

 آفیسر کہتا ہے کہ غلط سمت جانے سے جانی نقصان ہوتا ہے جس پر سائیکل سوار معافی مانگتا ہے،  ٹکٹنگ آفیسر کی کوشش کے باوجود سائیکل سوار چالان کی سلیپ وصول نہیں کرتا۔ 

کلفٹن ٹریفک سیکشن کے مطابق یہ جرمانہ غلام علی جمالی نے خود ادا کیا اور سائیکل سوار کو وارننگ کے بعد جانے دیا۔

مزید خبریں :