26 جولائی ، 2020
وفاقی حکومت نے خراب کارکردگی والے سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے 20 سال تک ملازمت کرنے والے ملازمین کی فہرستیں 31 جولائی تک فراہم کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گریڈ ایک تا 19 کے ملازمین کی کارکردگی کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے، رپورٹ کی بنیاد پر خراب کارکردگی والے ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسی آسامیوں کی نشاندہی کی جائے جنہیں ختم کرنا وسیع تر ملکی مفاد میں ہے، اور ایک برس سے زائد عرصہ سے خالی آسامیوں کی بھی نشاندہی کی جائے۔
علاوہ ازیں کابینہ ڈویژن اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریٹائرمنٹ بورڈ کمیٹی ملازمین کو نکالنے اور آسامیاں ختم کرنے کا فیصلے کرے گی۔