27 جولائی ، 2020
محکمہ صحت پنجاب کے سیکرٹری محمد عثمان نے خبردار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا کے ساتھ ساتھ کانگو وائرس کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اپنے بیان میں سیکرٹری صحت پنجاب محمد عثمان کا کہنا تھا کہ عید کے لیے جانور خریدتے وقت خاص خیال رکھا جائے کہ اس پر خون چوسنے والے کیڑے موجود نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تا کہ کیڑوں کی موجودگی کا اندازہ ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کی خریداری کے دوران کسی بھی شخص سے ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے گریز کریں اور مکمل آستین والا لباس پہنیں۔
سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کو جانوروں سے دور رکھیں اور بار بار اپنے کپڑوں پر کیڑوں کی موجودگی کا معائنہ کریں جب کہ کرنسی نوٹ کے لین دین اور جانوروں کی رسیاں سنبھالنے کے بعد سینیٹائزر استعمال کریں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے تاہم ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں سے عید الاضحیٰ کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔