27 جولائی ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فائیو کے ٹکٹس ری فنڈ کی مد میں کرکٹ شائقین کو مزید ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹا دی ۔
پی سی بی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد شمار کے مطابق پی ایس ایل ٹکٹس ری فنڈ میں آؤٹ لیٹس سے خریدی گئیں ٹکٹس میں اب تک 2 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 3 کروڑ 72 لاکھ 46 ہزار 600 روپے کی مالیت کی 37ہزار 695 ٹکٹیں ری فنڈ کردی ہیں۔
پہلے ہفتے میں 2کروڑ 70 لاکھ65 ہزار 500 روپے جب کہ دوسرے ہفتے میں ایک کروڑ 18لاکھ1300 روپے کی ٹکٹیں ری فنڈ کی گئیں۔
اس سے قبل آن لائن خریدی گئی ٹکٹوں کا ری فنڈ بھی ہوچکا ہے جس میں 61ہزار ٹکٹیں واپس ہوئیں جس کی مجموعی مالیت 10 کروڑ 22 لاکھ 19 ہزار 500 سو روپے تھی۔
مجموعی طور پر پی سی بی اب تک 13 کروڑ، 94 لاکھ، 66 ہزار ایک سو روپے واپس کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے آخری کے 5 میچز بغیر کراؤڈ کے کروانے پر مجبور ہوا تھا جب کہ کوالیفائرز اور پلے آف کو پہلے سیمی فائنلز میں تبدیل اور پھر ان میچز کو بھی ملتوی کردیا گیا تھا۔
پی سی بی ملتوی ہونے والے میچز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتا ہے اور ری شیڈول ہونے کی صورت میں ان میچز کے ٹکٹ از سر نو فروخت کیے جائیں گے۔