Time 29 جولائی ، 2020
کھیل

لندن میں بیٹھ کر پی سی بی چیئرمین نے گورننگ بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا

احسان مانی ان دنوں چھٹیوں پر لندن میں موجود ہیں، انہوں نے 30 جولائی کو گورننگ بورڈ کا اجلاس وڈیو لنک پر بلایا ہے— فوٹو:فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے لندن سے گورننگ بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا۔

پی سی بی سربراہ احسان مانی جو ان دنوں چھٹیوں پر لندن میں موجود ہیں، انھوں نے جمعرات 30 جولائی کو گورننگ بورڈ کا اجلاس وڈیو لنک پر بلا لیا ہے۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی ان دنوں چھٹیوں پر برمنگھم میں موجود ہیں، یہ اجلاس اس تناظر میں اہمیت کا حامل ہے کہ منگل 28 جولائی کو پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کا اجلاس آخری لمحات پر ملتوی کر دیا گیا تھا اور  یہ اجلاس بھی وڈیو لنک پر ہونا تھا۔

حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 21-2020ء کے بجٹ کا بریک ڈاؤن جاری کیا ہے، جس کا حجم 7 ارب 76کروڑ 85لاکھ سے زائد ہے اور اس کی منظوری گورننگ بورڈ دے چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے ہنگامی اجلاس میں چیف فنانشل آفیسر جو جنوری 2020ء سے عارضی طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اس بارے میں چئیر مین کوئی اہم فیصلہ کرسکتے ہیں۔

ساتھ ہی وفاقی کابینہ میں دوہری شہریت پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی طرف سے استعفیٰ سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی دوہری شہریت کے حامل بڑی تنخواہوں پر موجود افسران کے بارے میں بھی بات چیت کا امکان ہے۔

مزید خبریں :