کھیل
Time 30 جولائی ، 2020

نسیم اور شاہین کی ٹیم میں شمولیت میری خوش قسمتی ہے: اظہر علی

فوٹو: فائل

انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے نوجوان فاسٹ بولرز پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کو اپنی خوش قسمتی قرار دیا ہے۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ دونوں نوجوان فاسٹ بولرز بہت باصلاحیت ہیں اور وہ سہیل خان اور محمد عباس جیسے تجربہ کار بولرز سے بہت فائدہ حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کا وسیع تجربہ بھی اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہو رہا ہے۔

بلے بازوں کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ بیٹسمین سے بعض اوقات رنز نہیں ہوتے تاہم اسکواڈ میں شامل تمام بیٹسمین نیٹس میں بہترین توازن کے ساتھ بیٹنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں، امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ان کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

اظہر علی نے کہا کہ کوویڈ19 کی وباکے بعد دوبارہ گراؤنڈ میں واپسی ایک چیلنج تھا اور کیمپ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو مشکلات کا سامنا بھی تھا مگر مینجمنٹ نے بہترین انداز میں ان کا ورک لوڈ مینج کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بتدریج واپسی سے کھلاڑی بہتر محسوس کررہے ہیں اور آہستہ آہستہ ان کے کھیل میں نکھار بھی آرہا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یقین ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پانچ اگست سے شروع ہونے والی سیریز میں بھی ٹیم مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔

مزید خبریں :