کھیل
Time 30 جولائی ، 2020

پاکستان میں کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مستقبل میں انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا عندیہ دے دیا۔

پی سی بی پوڈکاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ برطانیہ کو انگلینڈ میں بہت مثبت انداز میں لیا جارہا ہے، اس ٹور سے مستقبل میں پاکستان کی کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔

وسیم خان نے کہا کہ ان سے متواتر پوچھا جاتا ہے کہ آپ انگلینڈ کے لیے یہ سب کیوں کررہے ہیں، تاہم واضح کرنا چاہتا ہوں کہ انگلینڈ سے کوئی ڈیل کی نا ہی یہ اس سب کے لیے موزوں وقت تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس اعتبار سے مستقبل میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے تبادلہ خیال ہوگا اور انہیں یقین ہے کہ انگلش بورڈ اس وقت بہترین فیصلہ کرے گا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اب صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ورلڈ کرکٹ کے لیے فیصلے کر رہا ہے، ہمیں سمجھنا ہوگا کہ آئندہ 6 ماہ کرکٹ نہیں کھیلی جاتی تو آئی سی سی کو معاشی نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز معاشی اعتبار سے بھی بہت ضروری ہے، کھیلوں میں یکجہتی کا بہت بڑا حمایتی ہوں۔

وسیم خان نے کہا کہ ہم نے کبھی کھلاڑیوں کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کیا، انگلینڈ سے موصول غیرجانبدارانہ اطلاعات کے مطابق لڑکوں کو مزہ آرہا ہے، مصباح الحق کی قیادت میں تمام اسپورٹ اسٹاف لڑکوں سے مسلسل فیڈبیک لیتا رہتا ہے، یونس خان اور مشتاق احمد نے بتایا ہے کہ لڑکوں کی توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔

مزید خبریں :