پاکستان
Time 30 جولائی ، 2020

چمن: پاک افغان باب دوستی پر دھرنا مظاہرین کی فورسز سے جھڑپ، 4 افراد جاں بحق

چمن میں پاک افغان بارڈر 'باب دوستی' پردھرنا دینے والے مسافروں نے زبردستی سرحد عبور کرنے کی کوشش کی، مشتعل مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوگئے، توڑپھوڑ کی، دفاتر، قرنطینہ سینٹر، ہزار کےقریب خیموں اور این ڈی ایم اے کے 100 کےقریب کنٹینرز کو آگ لگادی۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے شیلنگ اور  ہوائی فائرنگ کی جبکہ جھڑپوں کے باعث علاقے کے حالات کشیدہ ہو گئے، مزید نفری طلب کر لی گئی۔ واقعے میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔

پاک افغان سرحد باب دوستی پر آل پارٹیز تاجراتحاد اور محنت کش گروپ کا2 ماہ سے سرحد کی بندش کےخلاف دھرناجاری ہے۔

جمعرات کو دھرنا مظاہرین مشتعل ہوگئے اور رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے ریڈ زو ن میں داخل ہوگئے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔

مظاہرین نے زبردستی سرحد عبور کرنےکی کوشش کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فورسز کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔

مشتعل مظاہرین نے بارڈر منیجمنٹ سسٹم کے لیے نادرا دفترکے کمپیوٹرز رومز کو بھی آگ لگادی۔

 مظاہرین باب دوستی کے ساتھ واقع قرنطینہ سینٹر میں داخل ہوئے اور سینٹر، خیمے اور دفاتر کو آگ لگادی۔

مزید خبریں :