کاروبار
Time 31 جولائی ، 2020

ایف بی آر کو مالی سال کے پہلے ماہ کے مقر ر کردہ ہدف کے مقابلے میں 57 ارب کا اضافہ

فائل فوٹو

اسلام آباد: فیڈرل بور ڈ آف ریونیو (ایف بی آر)  نے مالی سال 21-2020 کے پہلے ماہ کے مقر ر کردہ ہدف 243 ارب کے مقابلے میں 57 ارب کے اضافہ کے ساتھ 300 ارب اکٹھا کر لیے۔

ایف بی آر نے ماہ جولائی کی حاصل کردہ ریونیو تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق مالی سال 21-2020 کے پہلے ماہ کے مقر ر کردہ ہدف 243 ارب کے مقابلے میں 57 ارب کے اضافہ کے ساتھ 300 ارب اکھٹے کیے گئے ہیں جو مقر رکردہ ریونیو ہدف کا 125 فیصد بنتے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق ہدف سے زائد اضافے میں ان لینڈ ریونیو کی طرف سے 52 ارب روپے اور کسٹمز کی طرف سے 5 ارب کا زائد اضافہ حاصل ہوا ہے جب کہ کسٹمز ڈیوٹی میں 25 ارب کا ریلیف بھی دیا گیا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کاروباری کمیونیٹی کی کورونا وبا کے باعث معاشی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ماہ جولائی میں ان لینڈ ریونیو کی مد میں 15 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے، سیلز ٹیکس ریفنڈز بھی مرکزی اور خودکار نظام کے تحت حکومت کے وعدے کے مطابق 72 گھنٹوں کے اندر جاری کیے جارہے ہیں۔ 

ان ریفنڈز کی بدولت برآمدکنندگان اور مختلف صنعتوں سے وابستہ کاروباری افراد کو لیکویڈیٹی جیسے مسائل سے نکلنےمیں بھی مدد ملے گی۔