شہزاد رائے کا کچھ عرصہ قبل اہلخانہ سمیت کورونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل

گلوکار شہزاد رائے نے حال ہی میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنے اہلخانہ سمیت عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جو کہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بنائی گئی ہے۔

گلوکار کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں کارٹونک خاندان کو دکھایا گیا ہے جو کورونا سے پریشان ہوکر گھر میں قید ہیں۔

بعد ازاں ویڈیو میں شہزاد رائے ماسک لگائے ہوئے سڑک پر موجود ایک بزرگ شخص کو بنا ہاتھ پکڑے سڑک پار کرواتے ہیں۔

ویڈیو کے آخر میں شہزاد رائے نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنے اہلخانہ سمیت کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے لیکن اللّہ کا شکر ہے کہ اب وہ سب بالکل ٹھیک ہیں۔

شہزاد رائے نے ویڈیو میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی اس بار عید الاضحیٰ سادگی سے منائیں اور صرف ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ  اگر آپ میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہورہی ہیں تو اس صورت میں بھی لازم ہے کہ آپ ماسک پہنیں کیونکہ ماسک نہ پہننے سے آپ کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں اور پھر آپ کی وجہ سے دوسرے لوگ بھی اس وائرس میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

شہزاد رائے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنا خیال رکھیں، دوسروں کا خیال رکھیں اور ماسک پہنیں کیونکہ چہرے پر ماسک ہر پاکستانی کا ٹاسک ہے۔

مزید خبریں :