Time 01 اگست ، 2020
پاکستان

صدر مملکت اور وزیراعظم کا عید کے موقع پر قوم کے نام پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور عالم ِاسلام کو عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یقینا ً یہ خوشی کا موقع ہمارے زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور کامرانیاں لے کر آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے، تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وبا سے متاثر ہوئی ہے، اس وبانے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے، بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدِ قربان کے اس موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ میں عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :