01 اگست ، 2020
کویت میں مارچ سے بند بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ جزوی بحال ہوگیا، ساتھ ہی کویتی ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا کیسز میں اضافے والے 31 ممالک کی پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی لگا دی۔
کویت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے والے ممالک کی پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی رہے گی۔
ان ممالک میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، چین، ایران، برازیل اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
کویت میں آج سے کمرشل پروازوں کی جزوی بحالی پرعملدرآمد بھی شروع ہوگیا ہے، کویت میں کورونا لاک ڈاؤن میں ماہ جون سے بتدریج نرمی کی جا رہی ہے تاہم کچھ علاقوں میں جزوی لاک ڈاؤن اب بھی نافذ ہے۔