کھیل

دورہ انگلینڈ عابد علی کیلئے آسان نہیں: راشد لطیف

عابد علی کے لیے انگلینڈ کی کنڈیشنر اور بولنگ اٹیک ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا: سابق کپتان— فوٹو:فائل

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے عابد علی انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں بدھ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

 دوسری جانب 32 سال کے اوپنر کی انگلینڈ میں بیٹنگ فارم مسلسل سوالات اٹھا رہی ہے، ووسٹر اور ڈار بی کے دو پریکٹس میچوں کی تین اننگز میں وہ صرف 27رنز بنا سکے ہیں، البتہ پاکستان کے لیے تین ٹیسٹ کی 4 اننگز میں 57.94 کی اوسط سے ان کے کریڈٹ پر 321 رنز ہیں، جس میں 2 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے ساتھ عابد علی کا یہ پہلا دورہ انگلینڈ ہے، اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کا خیال ہے کہ کراچی اور راولپنڈی میں ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے عابد علی کے لیے انگلینڈ کی کنڈیشنر اور بولنگ اٹیک ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا، جہاں بناء پرفارمنس وہ ماضی کی کارکردگی پر ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔

پاکستان کے لیے 37ٹیسٹ اور 166ون ڈے کھیلنے والے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ اس بات کا اندازہ عابد علی کو بھی بخوبی ہے، جن کے لیے اگر ماحول پریکٹس کے دوران ساز گار نہیں  تو ٹیسٹ میچ تو قدرے مشکل حالات کا کھیل ہے، جہاں بناء اعتماد اور فارم آپ کے لیے رنز کرنا کسی کارنامے سے کم نہیں ہوتا۔

راشد لطیف نے سوشل میڈیا پر پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو کٹ دینے کی ویڈیو کو بھی عابد علی کے لیے خاموش پیغام قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی پہلی چوائس عابد علی ہیں لیکن جس طرح امام الحق کو اس ویڈیو میں پیش کیا گیا ہے، عابد علی کے سب سمجھنے کے لیے کافی ہوگا۔

راشد لطیف نے کہا کہ عابد علی ویسے ہی بڑی مشکل اور تاخیر سے قومی ٹیم کاحصہ بنے ہیں ، اب دیکھنا ہے کہ حالات و واقعات ان کے کیرئیر کو کس سمت میں لے کر جاتے ہیں ۔

مزید خبریں :