Time 04 اگست ، 2020
پاکستان

ہمارا مؤقف تبدیل نہیں ہوا، ہماری منزل سری نگر ہے: شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر پر  ہمارا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور ہماری منزل سری نگر ہے۔

وزارت خارجہ میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت 5 اگست کےحوالے سے اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی قومی سلامتی معیدیوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبردرانی اور اعلی عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیرخارجہ نے دورہ لائن آف کنٹرول چری کوٹ سیکٹر اور مظفر آباد کے حوالے سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نہتے اور معصوم شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، کشمیری قوم بھارت کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر چکی ہے اور پوری قوم 5 اگست کو متحد ہوکر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منائے گی، مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کررہاہے،  ہم لائن آف کنٹرول پر شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گئے، بھارت کو واضح پیغام دینا تھا کہ 5 اگست کے اقدامات پوری کشمیری قوم نے مسترد کردیے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مظفر آباد میں کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیا گیا،  تمام سیاسی جماعتوں کو دفتر خارجہ میں دعوت دی گئی ہے،  مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کو مشاورت کے لیے دعوت دی ہے ، اہم معاملوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں  نے مزید کہا کہ کل پوری قوم متحد ہوکر بھارت کو ایک پیغام دے گی، ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا، ہماری منزل سری نگر ہے، سری نگر میں جس جامع مسجد کو تالے گئے گئے یہ تالے ٹوٹیں گے، بھارت کا بیانیہ ناکام ہوچکا ہے اور بھارت کو معلوم ہوچکا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ان کےمؤقف کو نہیں مانتے۔

مزید خبریں :