05 اگست ، 2020
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم استحصال منایا جا رہا ہے۔
بھارت کے غاصبانہ قبضے کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے مختلف تقاریب اور سیمینارز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
یوم استحصال کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مودی بڑی غلط فہمی میں ہے کہ وہ چالبازیوں اور فوجی جبر و استبداد سے کشمیریوں کو جھکا لے گا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ برہان مظفر وانی شہید سے لے کر ننھے سالار کے نانا تک کو ناحق گولیوں سے چھلنی کیا گیا، کشمیری اپنے شہداء کو پاکستانی پرچم میں دفن کر کے دنیا کو بتا رہے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی محاصرہ لہولہان وادی کے عوام کی امنگوں کو مفتوح نہیں بنا سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے بھارتی محاصرے کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی نگرانوں کو رسائی دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔