06 اگست ، 2020
اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا 3 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کےایجنڈے میں صرف ایک بل میوچل لیگل اسسٹنس کرمنل شامل کیا گیا ہے جو رواں پارلیمانی سال مقررہ مدت میں سینیٹ سے منظورنہیں ہوا۔
میوچل لیگل اسسٹنس کرمنل بل کی منظوری اجلاس کی آج کی کارروائی کے دوران لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں بیک ڈور رابطے بھی ہوئے اور اس عمل میں اسپیکر نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے 7 مختلف بلز پر اتفاق رائے کے لیے اپوزیشن سے مشاورت کی جس میں اپوزیشن نے صرف ایک بل میوچل لیگل اسسٹنس(کریمنل)بل2020 کی حمایت کاعندیہ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان میڈیکل ٹریبونلز بل، پاکستان میڈیکل مشن بل، فیڈرل پبلک سروس کمیشن(رولز)ترمیمی بل او رسروےاینڈ میپنگ بل بھی شامل کرنےکی خواہاں تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے تجویز پیش کی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے۔
لیکن اپوزیشن نے ایک بل کے علاوہ باقی تمام بلز پیش کرنے کی مخالفت کی جس پر حکومت باقی بلز مؤخر پر رضامند ہو گئی۔