Time 06 اگست ، 2020
پاکستان

حالات خراب ہوئے تو 15 ستمبر سے بھی اسکول نہیں کھولیں گے: سعید غنی

وزیرتعلیم سعید غنی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے باعث حالات خراب ہوئے تو 15 ستمبر سے بھی اسکول نہیں کھلیں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جن کو  وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 15 سمتبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جب کہ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے وزرائے تعلیم کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ  حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنےکا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اسکول کھولنے کا فیصلہ حکومت کرے گی، نجی اسکول ایسوسی ایشن نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے جو رپورٹس آرہی ہے وہ زیادہ اچھی نہیں، کچھ ممالک میں کورونا دوبارہ سے پھیلا ہم ایسی صورت حال نہیں چاہتے، اگر حالات خراب ہوئے تو ہوسکتا ہے 15ستمبر کو بھی اسکول نہ کھولیں۔

مزید خبریں :