06 اگست ، 2020
انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کا نوجوان بلے باز بابر اعظم بھارت کا ویرات کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اس کے بارے میں بات کر رہا ہوتا۔
ناصر حسین نے بابراعظم کی کلاس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا شبہ دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہے۔
بابراعظم نے 26 ٹیسٹ میچوں میں 45 اعشاریہ 12 کی اوسط سے 1850 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ ایک روزہ میچوں میں انھوں نے 74 میچز میں ان کے 3359 رنز ہیں۔
بابراعظم نے گزشتہ دو سیزنز کے دوران اپنی کارکردگی کو بہت بہتر کیا ہے اور اس دوران ان کی اوسط ٹیسٹ میچز میں کسی بھی دوسرے بلے باز سے بہتر ہے۔
اسکائی اسپورٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق انگلش کپتان ناصر حسین کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستانی بلے باز ایک ورلڈ کلاس پلیئر ہے اور ان کی کارکردگی بہت متاثر کن ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بابراعظم آف سائیڈ پر بہت شاندار کھیلتا ہے، اس کا فرنٹ اور بیک فوٹ بہت اچھا ہے، اور وہ بہت دیکھ کر کھیلنے والا بہترین نوجوان کھلاڑی ہے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنی ہے تو بابراعظم کو اچھی اننگز کھیلنی ہوں گی، اور پھر یہ سیریز بہت زیادہ دیکھنے لائق ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ بابر اعظم کو وہ توجہ حاصل نہیں ہے جو ویرات کوہلی، اسٹیو اسمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ کو حاصل ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ سب اس کے اثرات ہیں کہ پاکستان ہوم گراؤنڈ سے باہر کھیل رہا ہے، ہر وقت یو اے ای میں ہی کھیلتا رہا ہے، پاکستان بھارتی کرکٹ کے سائے میں چھپ کر رہ گیا ہے، آئی پی ایل کھیلنے بھارت نہیں جاتا اور بھارت کے خلاف نہیں کھیلتا۔
ناصر حسین نے کہا کہ اگر یہی نوجوان بلے باز ویرات کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اس کی باتیں کر رہا ہوتا، لیکن چونکہ یہ بابر اعظم ہے اس لیے کوئی اس کی بات نہیں کرتا۔
انھوں نے کہا کہ 2018 کے بعد سے بابراعظم کی ٹیسٹ میں اوسط 68 ہے جب کہ ایک روزہ میچز میں ان کی اوسط 55 ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 4 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پانچواں نام بابراعظم کا بھی شامل ہونا چاہیے۔
سابق انگلش کپتان نے کہا کہ میں نے اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی کہ بابراعظم نے حال ہی میں خود کو ٹیسٹ میں کیسے بہتر کیا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ پیس اٹیک کو بہت اچھا کھیلتا ہے اور وہ گیند کو انتظار کر کے کھیلتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بڑے کھلاڑی ہمیشہ رنز کرتے ہیں لیکن آپ کو لوگوں کو انٹرٹین بھی کرنا ہوتا ہے اور جس طرح بابر بیٹنگ کر رہا ہے اور اگر وہ سنچری کرتا ہے تو وہ دیدنی ہو گی۔
ناصر حسین نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نک بہت اچھی کرتا ہے اور 2018 سے وہ ٹیسٹ کا سب سے بہترین کھلاڑی ہے، میرا خیال ہے کہ اس دوران وہ صرف ایک مرتبہ سنگل فیگر میں آؤٹ ہوا ہے۔