'ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے'

اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ  ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کریں۔

 صدر  پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی زیر صدارت فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں آبادی میں اضافےکو روکنے کی حکمت عملی کے لیے مختلف تجاویز  پر  تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ صوبوں میں بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، لوگوں کو بڑھتی آبادی کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے میڈیا اور علمائے اکرام کا تعاون حاصل کرنے پر اتفاق ہے۔

صدر پاکستان نے  کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی مہم چلائی جائیں گی جب کہ وزارت مذہبی امور، بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل ایک ماہ میں اجلاس بلائے گی۔

اجلاس میں خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پروگراموں کے لیے فنڈز بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی ہے جب کہ صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے فنڈزبڑھانے کی درخواست کروں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں اوربچوں کی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کریں جب کہ وفاقی، صوبائی حکومتیں ٹاسک فورس کے فیصلوں کو فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر نافذ کریں۔